اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) وفاقی وزیر اور ترجمان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کا فیصلہ سنانے میں تاخیر نہ کرے۔ تفصیلات کے مطابق شازیہ مری نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کا فیصلہ سنانے میں تاخیر نہ کرے، سوال یہ ہے کہ عمران خان فارن فنڈنگ کا حساب دینے سے کیوں بھاگ رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ غیر ممنوعہ اکاونٹس سے حاصل کردہ فنڈنگ پر ملک کو انتشار کا شکار بنایا جا رہا ہے، عمران خان الیکشن کمیشن کو بلیک میل کر کے فارن فنڈنگ کیس دبانے کی کوشش کر رہے ہیں، عمران خان بی آر ٹی، مالم جبہ اور بلین ٹری کیس میں عدالتی حکم امتناعی کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے چوری نہیں کی تو تلاشی دینے سے کیوں بھاگ رہے ہیں؟
عمران خان کا کردار چور مچائے شور کا ہے، عمران خان کی خواہش پر ملک کو تختہ مشق بننے نہیں دیں گے، عمران اینڈ کمپنی نے چار سال کی نااہلی اور نالائقی سے ملک کو اس جگہ پہنچایا ہے۔ وفاقی وزیر اور ترجمان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے مزید کہا کہ ملک کی معیشت اب تجربوں کی متحمل نہیں۔