اسلام آباد (عکس آن لائن )الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فل بینچ کی عدم دستیابی کے باعث پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کیس کو ایک بار پھر ڈی لسٹ کر دیا۔ تفصیل کے مطابق انٹرا پارٹی کیس کو ایک ہفتے کے اندر دوسری بار ڈی لسٹ کیا گیا۔کیس کو پچھلی بار جمعرات کوسماعت کے لیے مقرر کیا گیا تھا، الیکشن کمیشن نے بتایا کہ نئی تاریخ کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔
یہ اعلان سپریم کورٹ میں ایک کیس کی سماعت کے دوران جسٹس منیب اختر کی جانب سے اس بات پر روشنی ڈالنے کے دو دن بعد سامنے آیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے بڑے پیمانے پر قانونی غلطیاں کی جس کی وجہ سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار 8 فروری کے انتخابات میں آزاد حیثیت سے حصہ لینے پر مجبور ہوگئے۔جسٹس اختر نے ریمارکس دیے کہ یہ تمام ریٹرننگ امیدوار پی ٹی آئی کے امیدوار تھے جنہیں الیکشن کمیشن کی طرف سے قانون کی غلطیوں کے نتیجے میں آزاد امیدوار کی حیثیت اختیار کرنی پڑی۔یاد رہے کہ اس سے قبل 31 مئی کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بینچ کی عدم دستیابی کے باعث پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کیس کو ڈی لسٹ کردیا تھا۔