کراچی(عکس آن لائن)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیاہے،پولنگ اگلے ماہ29 اپریل کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق این اے 249 پر ضمنی انتخاب میں شرکت کے لئے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 13 مارچ سے 17 مارچ تک جمع کرا سکیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 25 مارچ تک کی جائے گی، امیدوار ریٹرننگ افسر کی فیصلوں کے خلاف 29 مارچ تک ایپلٹ ٹربیونل میں اپیلیں دائر کر سکیں گے۔این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست 6 اپریل کو جاری کی جائے گی، دستبردار ہونے والے امیدوار 7 اپریل تک کاغذات واپس لے سکیں گے، این اے 249 کے امیدواروں کو 8 اپریل کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے جب کہ این اے 249 میں پولنگ 29 اپریل کو ہو گی۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کراچی کی سیٹ پی ٹی آئی رہنما اور وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کے سینیٹر منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی ہے۔
مسلم لیگ(ن)نے اس نشست پر سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے این اے 249 سے پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔ ترجمان بلاول ہائوسکے مطابق خواہش مند درخواست بلاول ہائوس یا پیپلز پارٹی کے اسلام آباد آفس بھیجیں۔پی ٹی آئی نے این اے 249 کراچی میں ضمنی الیکشن کیلئے پارٹی امیدوار فائنل کرنے کے لیے 5 رکنی پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا ہے۔ پی ٹی آئی کے نوٹی فکیشن کے مطابق 5رکنی پارلیمانی بورڈ کے سربراہ ارشد داد ہوں گے، جب کہ دیگر رہنمائوں میں فردوس شمیم نقوی، علی زیدی، خرم شیر زمان اور سعید آفریدی شامل ہیں۔واضح رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں اس نشست پر فیصل واوڈا نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو صرف 723 ووٹوں سے شکست دی تھی۔