شاہ محمود قر یشی

اقوام متحدہ کے قیام کی چوہترویں سالگرہ کے جشن میں عالمی برادری کے ساتھ پاکستان بھی شریک ہے، شاہ محمود قریشی

اسلا م آ با د (عکس آن لائن) وزیر خا رجہ شاہ محمود قر یشی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے قیام کی چوہترویں سالگرہ کے جشن میں عالمی برادری کے ساتھ پاکستان بھی شریک ہے، اپنے قیام سے اقوام متحدہ نے عالمی امن وسلامتی، انسانی حقوق و انسانی عظمت کے فروغ کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ کثیر الملکی تعاون ہمیشہ سے پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک بنیادی جزو رہا ہے، اقوام متحدہ کے ساتھ دیرینہ اشتراک عمل دیگر پہلووں کے علاوہ اقوام متحدہ کے امن دستوں میں ہماری سب سے زیادہ تعداد میں شرکت کی صورت پوری طرح عیاں ہے،

وزیرخارجہ نے اقوام متحدہ کے قیام کی چوہترویں سالگرہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان نے دولاکھ نیلے ہیلمٹ کی صورت میں سب سے زیادہ تعداد میں اپنے دستوں کی شمولیت کے ذریعے دنیا بھرکے چھیالیس امن مشنز میں منفرد اعزاز و امتیاز سے خدمات انجام دی ہیں،اقوام متحدہ نے نوآبادیات کے خلاف اور انسانی حقوق کے فروغ کی جدوجہد میں فعال کردار ادا کیا ہے، عوام کو حق خود ارادیت دلانا اس جدوجہد کی گویا روح اور ایک بنیادی جوہر ہے، اس عالمی قدر کی موجودگی کے باوجود بھارت اپنے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں اسے مسلسل پاوں تلے روند رہا ہے، پانچ اگست کے بھارتی حکومت کے غیرقانونی اقدامات کے تحت عائد کردہ بدترین پابندیوں اور قدغنوں کے باعث بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں صورحال مزید مخدوش وگھمبیر ہوچکی ہے،

تنازعہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر آج بھی ایک حل طلب مسئلہ کے طورپر موجود ہے، انہوں نے مز ید کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا سولہ اگست کو ہونے والا اجلاس اس حقیقت کا پوری طرح شاہد وامین ہے،یوم اقوام متحدہ مناتے ہوئے میں عالمی برادری خاص طورپر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زوردوں گا کہ بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی قابض افواج کا مسلط کردہ دہشت کا راج ختم کرانے کے لئے اقدامات کرے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے تنازعہ جموں وکشمیر حل کرایا جائے جو اس ناگزیر امر کا متقاضی ہے کہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ اور غیرجانبدارانہ ماحول میں کشمیری عوام کواستصواب رائے کے استعمال کا حق دیا جائے،ہم اقوام متحدہ کے منشور میں درج شدہ اعلی مقاصد کے حصول اور اس ادارے کو حقیقی معنوں میں اور بھی زیادہ بامعنی و برمحل بنانے کے لئے اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر اپنی کاوشوں اور کوششوںکے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں