اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے لیبیا سے تیل کی غیر قانونی برآمد پر پابندی میں آئندہ سال 30اکتوبر تک توسیع کردی

اقوام متحدہ(عکس آن لائن)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے لیبیا سے تیل کی غیر قانونی برآمد پر پابندی میں آئندہ سال 30اکتوبر تک توسیع کردی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر لیبیا سے خام تیل،ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی برآمد پر پابندی میں 15 ماہ توسیع کی قرارداد کی متفقہ طور پر منظوری دی ۔اس قرارداد میں فیصلہ کیا گیا کہ لیبیا کے خلاف پابندیوں کی کمیٹی کا پینل سلامتی کونسل کو آئندہ سال 15 مارچ کو اپنے کام کی ایک عبوری رپورٹ اور نتائج اور سفارشات پر مبنی حتمی رپورٹ آئندہ سال 15ستمبر کو فراہم کرے گا۔

قرارداد میں اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک سے ہتھیاروں پر پابندی، سفری پابندیوں اور اثاثے منجمد کرنے کی مکمل تعمیل کرنے پر زور دیا گیا ۔ قرارداد میں سلامتی کونسل کے ارکان پر زور دیا گیا کہ وہ لیبیا تنازع میں مداخلت یا ایسے اقدامات سے گریز کریں جس سے تنازع میں شدت پیدا ہو ۔قرارداد میں زور دیا گیا کہ فریقین 23اکتوبر 2020کو ہونے والے جنگ بندی کے معاہدے پر مکمل عمدرآمد کریں اور رکن ممالک لیبیا سے تمام غیر ملکی افواج اور کرائے کے فوجیوں کے بلاتاخیر انخلا سمیت معاہدے کے مکمل نفاذ کا احترام اور حمایت کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں