مقبوضہ بیت المقدس(عکس آن لائن) اقوام متحدہ نے اسرائیلی ریاست کی طرف سے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر عائد کردہ اقتصادی پابندیوں کو بلا جواز قراردیتے ہوئے انہیں فوری اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے نیویارک میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ غزہ کی پٹی پرعائد کردہ پابندیوں سے لاکھوں فلسطینی مشکلات کا شکار ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ جب تک فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان سیاسی تنازعات کا حل نہیں نکالا جاتا اس وقت تک عالمی برادری کو فلسطینیوں کی تمام شعبوں میں مدد کرنا ہوگی۔اقوام متحدہ کے عہدیدار نے کہا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ فلسطینی اراضی میں اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ عالمی ادارہ بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی کی ناکہ بندی ختم کرانے کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے اور فلسطینی علاقوں میں عائد کردہ پابندیاں ختم کی جائیں۔