اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اقلیتی کمیشن بنانے کے بارے میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں اور وڈیوز حقائق پر مبنی نہیں ،اقلیتوں کے کمیشن کی تشکیل کا بل ختم ہوچکا ہے لہذا کمیشن بننے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔
اپنے بیان میں مریم اور نگزیب نے کہاکہ یہ بل اچانک آنے کا تاثر بالکل غلط ہے ،، بل سپریم کورٹ کے 2015میںکے فیصلے کے نتیجے میں تیار ہوا تھا ۔ انہوںنے کہاکہ سپریم کورٹ نے اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے یہ کمیشن تشکیل دینے کا حکم دیا تھا،یہ بل پی ٹی آئی کی سابق حکومت کے دور میں تیار ہوا تھا یہ بل دو سال سے زائد عرصے سے قومی اسمبلی اورمختلف کمیٹیوں میں زیرغور رہا۔
انہوںنے کہاکہ کمیشن کو اسلامی نظریاتی کونسل کے برابر ادارے کے طورپر کھڑا کرنے کا تاثر درست نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اقلیتوں کیلئے یہ کمیشن بھی بچوں، انسانی حقوق کے لئے بننے والے کمشنز کی طرز پرتھا ۔ انہوںنے کہاکہ یہ بات بھی درست نہیں کہ اس میں ایسی اقلیتوں کو نمائندگی دی گئی جو اپنی شناخت مخفی رکھنا چاہتی ہیں ،مجوزہ کمیشن میں دو راسخ العقیدہ مسلمان نمائندے شامل کرنے کی تجویز تھی ،مسلمان نمائندے شامل کرنے کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔