اسلام آباد(عکس آن لائن)وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ اقتدار میں ملک کی بدنامی کرائی اور اقتدار سے باہر بھی ہر اعمال اور حرکت سے ملک کی بدنامی ہی کرائی۔ اپنے بیان میں مریم اور نگزیب نے کہاکہ سعودی عرب کی دی ہوئی گھڑی بیچ کر ، سائیفر کا جھوٹ گھڑ کر ملک کی بدنامی کرائی ،اقتدار سے نکل کر قومی اداروں، شہداء کی یادگاروں پر حملے کرکے ملک کی بدنامی کرائی۔
انہوںنے کہاکہ 9 مئی کے جرم کی مذمت کافی نہیں، اعتراف جرم کرو، ذمہ داری قبول کرو ،مذمت سے 9 مئی کا جرم چھپ سکتا ہے اور نہ ہی مجرم۔ انہوںنے کہاکہ تسلیم کرو کہ 9 مئی کی کھلی دہشت گردی اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کے پیچھے تم ماسٹر مائنڈ تھے اور تم نے منصوبہ بندی کی ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ تسلیم کرو کہ تم نے ہسپتال سکول مساجد ایمبولنس اور کور کمانڈر کا گھر جلانے کی منصوبہ بندی کی ،مذمت نہ کریں دہشت گردی کے مرکز زمان پارک میں چھپے دہشت گرد قانون کے حوالے کریں ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پولیس پر پڑول بم، گولیاں اور پتھر برسانے والا صرف مذمت کر کے جان نہیں چھڑا سکتا ،ریاست پہ حملہ کرنے والوں کو سزا دینا، دنیا میں کہیں بھی کسی انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں ۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ ہسپتال ، سکول ، مریضوں پہ حملے کر کے ایمبولنس، بے زبان جانوروں کو زندہ جلانا انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہیں ،ان وحشیوں کو سزا دینا انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں ۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ فاشسٹ کے ہاتھوں بہو بیٹیوں بہنوں کو جھوٹے مقدموں میں گرفتار کرنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی تھی ،طیبہ گل کو اغوا کرکے وزیراعظم ہاؤس میں قید رکھنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی تھی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ صحافیوں کو سچ بولنے پر قید کرنا ، گولیاں مارنا ، اغوا کرنا پسلیاں اور ناک کی ہڈیاں توڑنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی تھی۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ ہزارہ کے مظلوم شہدا کے لواحقین کو “جنازوں سے بلیک نہیں ہوں گا” کہنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی تھی۔