دفترخارجہ

افغان قیادت کی امریکی صدرسے ملاقات انکا اندرونی معاملہ ہے، دفترخارجہ

اسلام آباد(عکس آن لائن ) ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکا کے ساتھ مل کرافغان امن عمل کے لئے کام کیا،افغان قیادت کی امریکی صدرسے ملاقات انکا اندرونی معاملہ ہے، افغانستان میں قیام امن ہی سے افغان مہاجرین کی واپسی ممکن ہے، پاکستان عالمی برادری کواس بارے کئی بارآگاہ کرچکا ہے، پاکستان ان کی باعزت واپسی چاہتا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ نے ہفتہ واربریفنگ میں کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے، پاکستان نے امریکا کے ساتھ مل کرافغان امن عمل کے لئے کام کیا، ڈپلومیٹک مشنزکی حفاظت میزبان ملک کی ہوتی ہے اورافغان قیادت کی امریکی صدرسے ملاقات انکا اندرونی معاملہ ہے۔

ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ نے کہا کہ ہم فوجی ٹیک اوورکے حامی نہیں، ہماری خواہش ہے کہ بین الافغان مذاکرات کامیاب ہوں، افغان مسئلے کا حل طاقت کے استعمال میں نہیں۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ایران خطے کا اہم ملک اورافغانستان کا ہمسایہ ہے،افغان امن عمل پر ماضی میں بھی ایران کے ساتھ مل کر کام کیا، افغانستان کے تمام ہمسائیوں کو افغان امن عمل کے لیے کام کرنا چاہیے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں اورکشمیرپربھارت کویاد دلاتے ہیں کہ یہ ایک متنازع علاقہ ہے، مقبوضہ جموں وکشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کے حل طلب ایجنڈا میں شامل ہے، مسئلے کا حل صرف کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق استصواب رائے میں ہے، بھارتی بیانات سے اس کی متنازع حیثیت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں