کابل (عکس آن لائن) افغانستان میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں افغان بارڈر فورس کے کمانڈر بریگیڈیر ہلاک اور کہ ایک صحافی سمیت 3 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے ، افغان سکیورٹی فورسز نے داعش کے 31 دہشت گردوں کو گرفتار کر کر کے بھاری اور ہلکے ہتھیار برآمد کر لیے ۔
افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کے صوبے ہلمند کے علاقے مارجہ میں سڑک کنارے نصب بم عین اس وقت زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جب وہاں سے افغان بارڈر فورس کی گاڑی گزر رہی تھی۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ہلمند کے گورنر کے ترجمان عمر زواک نے میڈیا کو بتایا کہ بم دھماکے میں افغان بارڈر فورس کے کمانڈر بریگیڈیر ظاہر گل ہلاک ہوگئے جب کہ ایک صحافی سمیت 3 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
افغان بارڈر فورس کی یہ ٹیم مارجہ میں سرچ آپریشن کرنے جارہی تھی۔ مارجہ سے طالبان کا قبضہ واگزار کرانے کیلیے جھڑپیں جاری ہیں۔دوسری جانب افغانستان کی سکیورٹی فورسز نے مشرقی صوبہ ننگر ہار میں دہشتگرد داعش کے 31 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔ ان دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری اور ہلکے ہتھیار بھی برآمد ہوئے ہیں ۔