اشرف غنی

افغان سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں کی جائے گی، صدر اشرف غنی

کابل(عکس آن لائن )افغان صدر محمد اشرف غنی نے کہا ہے کہ ان کے ملک کی سرزمین کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں کی جائے گی ۔یہ بات ہفتہ کو کابل میں صدارتی محل سے جاری ایک بیان میں کہی گئی ہے ۔صدارتی محل سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ باہمی سلامتی معاہدے کی شرائط کے تحت حکومت باوقار افغان قوم اور ہمسایہ ممالک کو یہ یقین دہانی کراتی ہے کہ افغانستان کی سرزمین کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی ۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عراق میں جمعہ کے روز بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ایک امریکی ڈرون حملہ کیا گیا جس میں ایران کے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے قدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی اورعراق ملیشا کے کمانڈر ابو مہدی المھندس مارے گئے تھے جو کہ الحشد الشعبی فورسز کے ڈپٹی کمانڈر تھے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ افغانستان خطے میں صورتحال کا بغور جائزہ لے رہاہے اورخطے کے تمام ملکوں کے ساتھ باہمی اور مشترکہ تعلقات رکھنے کا خواہاں ہے ۔بیان میں دونوں فریقین سے کہا گیا ہے کہ وہ سفارتی ذرائع سے کشیدگی کے خاتمے کے لئے آگے آئیں۔بیان کے مطابق افغانستان کو خطے میں کشیدگی کے ممکنہ اضافے پر تشویش ہے۔بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ افغان صدر اشرف غنی نے جمعہ کو رات گئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں