کابل(عکس آن لائن )افغان صوبہ بلخ اور ہلمند میں افغان فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 26طالبان کو ہلاک جبکہ متعدد کو زخمی کر دیا، اس آپریشن میں فورسز کو فضائیہ کی مدد حاصل رہی، کارپٹ بمباری کے ذریعے طالبان کے متعدد زیرزمین ٹھکانے بھی مسمار کردیئے گئے،
2اسلحہ ڈپو کو تباہ کر دیا گےا ، درجنوں بھاری اور ہلکے ہتھیاراور بارودی سرنگیں پکڑی گئیں، دوسری جانب ننگر ہار میں بارودی دھماکے کے نتیجے میں 3افراد زخمی ہو گئے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان صوبہ بلخ میں ز سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے نتیجے میں پندرہ مسلح طالبان ہلاک ہوگئے۔ شاہین آرمی کارپ 209 کے ترجمان محمد حنیف رضائی نے میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ روز کی کارروائی میں پندرہ مسلح طالبان کو ہلاک کیا گےا اور 5زخمی ہو کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
اٹل آرمی کور آفس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان گروپ کے تین مقامی کمانڈر اپنے 8 ساتھیوں سمیت صوبہ ہلمدمیں ہلاک ہوگئے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام جنگی سازو سامان کے ساتھ طالبان کے چار ٹھکانے تباہ کردیئے گئے ہیں۔ایک اور رپورٹ میں کہا گیا ہے ہلمند میں طالبان کے دو اسلحہ ذخیرے منہدم کردیئے گئے۔ درجنوں بھاری اور ہلکے ہتھیاروں سمیت بارودی سرنگیں پکڑی گئیں ہیں۔دوسری جانب ننگرہار میں گذشتہ رات بارودی مواد کے پھٹنے سے تین شہری زخمی ہوگئے۔دھماکا ضلع خوگیانی میں اس وقت ہوا جب جائے وقوع سے شہری گزر رہے تھے۔