کراچی (عکس آن لائن) معروف اداکارہ مشی خان نے کہا ہے کہ افطار پارٹیز کی تصاویر شیئر کرنیوالے مظلوم فلسطینیوں کا بھی خیال کریں۔
مشی خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہیں ایسے لوگوں کو آڑے ہاتھوں لیتے دیکھا جا سکتا ہے جو سوشل میڈیا پر اپنی شاندار افطار پارٹیز کی تصاویر شیئر کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ میں نے سوشل میڈیا پر دو تین ویڈیوز میں فلسطینیوں کو افطار میں گھاس ابال کر پیتے دیکھا ہے تو میری ان تمام لوگوں سے درخواست ہے جو اپنی شاندار افطار پارٹیز کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے ہیں کہ ان مظلوم فلسطینیوں کا تھوڑا خیال کریں۔
اداکارہ نے کہا کہ اگر ہم ان مظلوم لوگوں کی مدد نہیں کر سکتے تو کم سے کم ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار تو کر سکتے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر آپ لوگ اپنی شاندار افطار پارٹیز کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کریں گے تو آپ کی شان میں کوئی کمی نہیں آئے گی۔