پیٹرولیم قیمتوں

اعلیٰ عدلیہ عالمی منڈی او رمقامی سطح پر پیٹرولیم قیمتوں کا جائزہ اور اس پر وصول کئے جانیوالے ٹیکسز پر از خود نوٹس لے ‘ اشرف بھٹی

لاہور( عکس آن لائن) آل پاکستان انجمن تاجران نے پیٹرولیم مصنوعا ت کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ سے اپیل ہے کہ ہر پندرہ روز بعد اضافے پر از خود نوٹس لیا جائے ، موجودہ حکومت نے تو عوام کی ہڈیاں بھی نچوڑ لی ہیں لیکن اس کے باوجود ان کے دل کی تسکین نہیںہو رہی ۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی صدر اشرف بھٹی نے اپنے دفتر میں منعقدہ ہنگامی اجلاس میں کیا ۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل محبوب سرکی، لاہور کے صدر میاں طارق فیروز ، نعیم بادشاہ، شہزاد بھٹی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں بجلی اور پیٹرولیم کی قیمتوں میں آئے روز اضافے کے خلاف احتجاج کی تجویز بھی دی گئی ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے 13سے 15روپے فی لیٹر اضافے کی سمری بھجوائی جاتی ہے او رپھر طے شدہ منصوبے کے مطابق قیمت بڑھا کر عوام پر یہ احسان جتایا جاتا ہے کہ 13سے 15کی سمری مسترد کر کے کم اضافہ کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے اور ان کے اندر پکنے والا لاوا کسی وقت بھی پھٹ سکتا ہے جو سب کچھ بہا کر لے جائے گا۔ انہو ں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں عوام کے لئے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہو گیا ہے ، خریدار نہ ہونے کی وجہ سے تاجر اپنے کاروبار کے اخراجات پورے نہیں کر سکتے ۔ اعلیٰ عدلیہ سے اپیل ہے کہ عالمی منڈی او رمقامی سطح پر قیمتوں کا جائزہ اور خصوصی طو رپر پیٹرولیم پر وصول کئے جانے والے ٹیکسز پر از خود نوٹس لے کر رپورٹ طلب کی جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں