لاہور( عکس آن لائن)انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی طلب کے مطابق رسد کویقینی بنایا جارہا ہے اور کہیں بھی کوئی قلت نہیں، مستحق خاندانوں کو وفاق کے تحت امداد کی فراہمی جارہی ہے اور پنجاب بھی انصاف امداد پیکج کے تحت مدد فراہم کرے گا ۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے انصاف ویلفیئر ونگ وسطی پنجاب کے عہدیداروںسے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ عوام کی زندگی میں خوشحالی اور آسودگی لانے کیلئے مختلف تجاویز تیار کی جائیں جنہیں مرتب کر کے حکومت کو فراہم کیا جائے گا ۔ وزیرا عظم عمران خان کا مشن ہے کہ ہم نے پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہے اور اس کیلئے ہم سب کو اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کرنا ہے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے ہدایت کی عہدیداروں کا تقرر جلد سے جلد مکمل کیا جائے تاکہ باضابطہ سر گرمیاں شروع کی جا سکیں اور ہم نے ایک مضبوط تنظیم کی بنیاد رکھنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو صرف یہ تکلیف ہے کہ حکومت پسے ہوئے طبقات کی کیوں مدد کر رہی ہے اور حکومت کے اقدامات میں تعاون یا تجاویز دینے کی بجائے بلا جواز تنقید کی جارہی ہے جو قابل مذمت ہے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ انشا اللہ تحریک انصاف کی حکومت اس مشکل گھڑی سے سر خرو ہو کر نکلے گی اور اس کے بعد معیشت کی بحالی پر بھرپو رتوجہ مرکوز کی جائے گی۔