لاہور( عکس آن لائن) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے ساڑھے 5ارب روپے
سے زائد کے قرضوں کو موخر یا ری شیڈول کرنے کے اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ مشکل حالات
میں اس طرح کے مثبت اقدامات نا گزیر ہیں ، سرمائے کی قلت دور کرنے ری فنڈ میں تیزی اور شرح سود کو 4سے 5فیصد پر لا کر کم از
کم تین سال کیلئے منجمد کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمداسلم طاہر، چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ
پرویز حنیف ، وائس چیئرمین شیخ عامر خالد، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد، سعید خان، اعجاز الرحمان،
محمد اکبر ملک، میجر (ر) اختر نذیر اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا ۔ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے کہا کہ حکومت اور مرکزی
بینک برآمدی شعبوں کیلئے بھی مزید آسانیاں پیدا کریں تاکہ مشکل حالات میں برآمدات میں اضافہ ہو سکے جس سے مجموعی طو رپر
معیشت کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریفنڈ کی ادائیگی میں تیزی لائی جائے تاکہ نئی سر گرمیوں کو شروع کرنے کیلئے سرمایہ میسر
آ سکے ۔ رہنماؤں نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک موجودہ حالات میں شرح سود کو صفر فیصد پر لے آئے ہیں ہمیں بھی کامیاب
ممالک کی پیروی کرنی چاہیے اور پاکستان میں بھی شرح سود کو کم از کم 4سے5فیصد پر لا کر تین سال کیلئے منجمد کیا جائے۔