اسلام آباد(عکس آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما و سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاہے کہ اسٹیٹ بینک بل کی منظوری سے اپوزیشن کو شدید دھچکا لگا ہے۔
ایک بیان میں عرفان صدیقی نے کہا کہ گیلانی صاحب نے ایسا کیا جیسے کپتان 10 کھلاڑی میدان میں دھکیل کر خود باہر بیٹھ جائے، کھلی ووٹنگ پر یہ حال ہے تو خفیہ ووٹنگ کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن قائدین کو مل بیٹھ کر جائزہ لینا ہوگا کہ ایسا کیوں ہوا، غیرحاضر ارکان سے پوچھا جانا چاہیے کہ اتنے اہم موقع پر غیرحاضری کا کیا جواز تھا؟
انہوںنے کہاکہ یوسف رضا گیلانی کی طرف سے ہر سینیٹر کو کئی ٹیکسٹ پیغام آئے کہ جمعہ کو حاضری یقینی بنائیں، عمومی روایت کے برعکس گیلانی صاحب کا اسٹاف ہر سینیٹر کو فون کر کے حاضری کی تاکید کرتا رہا۔قائد حزب اختلاف کی غیرحاضری دیگر 7 ارکان کی غیرحاضری پر بھاری ہے، وزیر خزانہ دودن پہلے اعلان کرچکے تھے کہ ہم یہ بل سینیٹ میں لارہے ہیں، انہوں نے کہا تھا کہ 12 فروری کے آئی ایم ایف اجلاس سے قبل بل منظور کرالیں گے۔