میرپور خاص(عکس آن لائن) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ نوجوان بیدار ہو گیا، وہ جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے ظلم ، ناانصافی اور اسٹیٹس کو توڑ کر حقیقی معنوں میں پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنائے گا۔
راشد نسیم نے کہاکہ جماعت اسلامی کے قیام سے لے کر اب تک 82برس گزر گئے ہیں، لوگ سوال کرتے ہیں کہ پی ٹی آئی، ن لیگ، پیپلزپارٹی حتیٰ کہ ایم کیو ایم اقتدار میں آ گئیں تو جماعت اسلامی کو حکومت کیوں نہیں ملی؟
انھوں نے کہا کہ اصل سوال یہ ہونا چاہیے کہ جو لوگ گزشتہ 70برسوں سے جو اقتدار میں رہے، ان کی قومی خدمات کیا ہیں؟ حقیقت یہ ہے کہ حکمران جماعتوں نے قوم کو ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کی غلامی کے علاوہ کچھ نہیں دیا، یہ استعمار کے نمائندے اور اسی کی پالیسیوں کو بے رحمی سے غریب عوام پر لاگو کرتے ہیں۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ حکمران جماعتوں نے مل کر عوام کا خون نچوڑا، موجودہ بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافہ سے ہی حکمرانوں کی بے رحمی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، ان بلوں سے حکمران اشرافیہ کو کوئی فرق نہیں پڑتا، ان کی مراعات اور عیاشیاں جاری ہیں، جن کا بوجھ غریب اٹھا رہے ہیں۔