لاہور ( عکس آن لائن) معروف کامیڈین اداکار نسیم وکی نے کہا ہے کہ اسٹیج ڈرامے کے پلیٹ فارم سے معاشرے کی اصلاح ممکن ہے ، اسٹیج کے سینئر رائٹروں نے نئے سکرپٹ لکھنے چھوڑ دیئے ہیں جس کی وجہ سے پرانے سکرپٹ پر ڈرامے کیے جا رہے ہیں ۔ایک انٹر ویو میںگفتگو کرتے ہوئے نسیم وکی نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اگر اسٹیج ڈرامے میں کامیڈی کے ساتھ اصلاحی پہلو بھی رکھا جائے تو بہت سے معاملات میں بہتری آسکتی ہے اور اسٹیج ڈرامہ اس کے لئے سب سے بہترین پلیٹ فارم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ لوگوں کے چہروں میں خوشیاں بکھیرنے کے ساتھ ان کو ایک پیغام بھی دوں ۔میں چاہتا ہوں اسٹیج سے جہیز کی لعنت کے خاتمے ، طلاق کے بڑھتے ہوئے رجحانات اور تعلیم کو موضوع بنایا جانا چاہیے ۔
