لاہور(عکس آن لائن)سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی ہدایت پر سیکرٹری محمد خاں بھٹی نے اسمبلی کی زیر تعمیر بلڈنگ کا دورہ کیا۔ محکمہ C&Wکے افسران نے عمارت کی تکمیل اپریل 2020میں مکمل کرنے اور بجٹ اجلاس جون 2020میں نئے ہاؤس میں کروانے کا وعدہ کیا تھا۔
سیکرٹری کے ہمراہ پنجاب اسمبلی کے سیکرٹری کوآرڈینیشن رائے ممتاز حسین بابر، ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک اور اسمبلی کے دیگر سینئر افسران کے علاوہ محکمہ C&Wکے افسران بھی موجود تھے۔ سیکرٹری اسمبلی نے نئی اسمبلی بلڈنگ کے دورہ کے دوران اسمبلی کے ایوان،سپیکر آفس، چیف منسٹر آفس، سیکرٹری اسمبلی آفس اور کمیٹی رومز کا باالخصوس جائزہ لیااور محکمہ C&Wکے افسران کی کارکردگی غیر معیاری اور غیر تسلی بخش قرار دی۔
محکمہ C&Wکے افسران کی غیر تسلی بخش کارکردگی پر محمد خاں بھٹی نے سیکرٹری C&Wکیپٹن ریٹائرڈ اسد اللہ خان سے ٹیلیفونگ گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ بلڈنگ میں تعمیراتی کام کی رفتار انتہائی غیر تسلی بخش ہے۔سپرنٹنڈنگ انجنئیرعصمت شریف کو کاہل اور کام چوکمپنیز کے خلاف متعدد بار کارروائی کی ہدایت کی ہے۔مگر آپس کی ملی بھگت کی وجہ سے وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔SEعصمت شریف نے اقرباء پروری کرتے ہوئے نئی بلڈنگ کی تعمیر کا ٹھیکہ دوناتجربہ کار کمپنیز، شفیق کنسٹرکشن کمپنی اور افتخار اینڈ کمپنی کو دے دیا جو کہ انتہائی تشویش ناک ہے۔
محمد خاں بھٹی نے کہا کہ مذکورہ کمپنیز کو ٹھیکہ دیے جانے کے بارے میں انکوائری عمل میں لائی جائے اور اس بات کا جائزہ لیا جائے کہ آیایہ کمپنیاں مطلوبہ ٹیکنیکل معیار پر پوری اترتی ہیں۔ سیکرٹری اسمبلی نے متعلقہ سپرنٹنڈنگ انجنئیر، ایکسئین اور ایس ڈی او کو فوری طور پر تبدیل کرنے اور مقررہ وقت میں بلڈنگ مکمل نہ کرنے کے دیگر ذمہ داران کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لانے کی سفارش کی ہے۔ محمد خاں بھٹی نے مزید کہا کہ عمارت کی تعمیر میں مزید تاخیر کا مطلب تعمیراتی اخراجات میں اضافہ ہو گا جس سے قومی خزانے پر بوجھ بڑھے گا جو کسی صورت قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی بلڈنگ میں زیر تعمیر مسجد کو بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے۔