لاہور( عکس آں لائن )اسلام آباد یونائیٹڈ نے پاکستان سپرلیگ سیزن فائیو کے دوسرے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میزبان قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کی، فخر زمان اور کرس لِن بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے۔
لاہور قلندرز کو اننگز کی ابتدا میں ہی نقصان اٹھانا پڑا جب محمد موسیٰ نے کرس لِن کی اہم وکٹ حاصل کی۔تاہم اس کے بعد فخر زمان کا ساتھ دینے تجربہ کار محمد حفیظ آئے اور دونوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 67رنز کی شراکت قائم کی۔فخر نے 26گیندوں پر 33رنز بنائے تھے کہ حریف کپتان شاداب خان نے ان کی وکٹیں بکھیر دیں۔ابھی قلندرز اس نقصان سے سنبھلے بھی نہ تھے کہ کپتان سہیل اختر اور ڈین ولاس دونوں یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔
دوسرے اینڈ سے محمد حفیظ عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ سمیت پٹیل کے ساتھ 51رنز جوڑے جس میں ان کا اپنا حصہ 41رنز کا رہا۔فہیم اشرف کی ایک گیند کو باؤنڈری کے پار پھینکنے کی کوشش میں کولن انگرام کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔اختتامی اوورز میں حفیظ اور ڈیوڈ ویزے کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 182رنز بنانے میں کامیاب رہی۔حفیظ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 57گیندوں پر 7 چکووں اور 7چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 98رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ویزے نے 9گیندوں پر 19رنز بنائے۔یونائیٹڈ کی طرف سے کپتان شاداب نے عمدہ بالنگ کرتے ہوئے 4اوورز میں 14رنز کے عوض 2وکٹیں لیں جبکہ فہیم اشرف نے بھی 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا ۔ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاہین شاہ آفریدی نے شروع میں ہی لیوک رونکی کو آؤٹ کرکے بڑی کامیابی دلائی جب اسکور صرف 3 رنز تھا جس کے بعد محمد حفیظ نے ایک اور خطرناک بلے باز کولن منرو کی وکٹ حاصل کرلی جس کے باعث اسلام آباد کی ٹیم شدید دباؤ میں آگئی۔کپتان شاداب خان نے ڈیوڈ ملان کے ساتھ مل کر اسکور کو 62 رنز تک پہنچایا لیکن اس مرتبہ ڈیوڈ ویزے نے ملان کی وکٹیں اڑا دیں جنہوں نے 22 رنز بنائے تھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے 52 رنز کی شان دار اننگز کھیلی لیکن انہیں 91 کے مجموعی اسکور پر حارث رؤف نے پویلین واپس بھیج دیا۔کولن انگرام نے ایک اوور 20 سے زائد رنز حاصل کرکے میچ کو دلچسپ بنادیا تھا لیکن سمت پٹیل اور شاہین شاہ آفریدی نے آصف علی اور انگرام کو آؤٹ کرکے میچ کو اپنے حق میں کرنے کی کوشش کی لیکن دوسری طرف سے یونائیٹڈ کے بلے باز ہار ماننے کو ہر گز تیار نہیں تھے اور اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔حارث رؤف نے خطرناک عزائم کا اظہار کرنے والے فہیم اشرف کی وکٹ اہم موقع پر حاصل کی جب اسکور 152 رنز ہوچکا تھا، جس کے بعد شاہین شاہ آفریدی نے عماد بٹ کی وکٹ حاصل کی جنہوں نے 8 رنز بنائے تھے
۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے 163 رنز پر 9 وکٹیں گرنے کے باوجود عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ کو آخری اوور تک لے کر گئے، عثمان شنواری نے لاہور قلندرز کی جانب سے آخری اوور کیا جس کا سامنا موسیٰ خان اور احمد صفی عبداللہ نے کیا۔موسی خان نے آخری اوور کی پہلی ہی گیند پر چھکا مار کر لاہور قلندرز کے اوسان خطا کردئیے یوں اسلام آباد یونائیٹڈ نے میچ ایک وکٹ سے جیت کر دوسری کامیابی سمیٹ لی۔