اسلام آباد (عکس آن لائن)صدرمملکت عارف علوی نے اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد کو 29 لاکھ روپے کی رقم شہری کو واپس کرنے کی ہدایت جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف ہیلتھ اتھارٹی کی درخواست مسترد کر دی۔ ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت نے کہاکہ مریض کی موت ہسپتال کے ڈاکٹرز کی طبی غفلت، پیشہ ورانہ بدانتظامی کی وجہ سے ہوئی۔صدر مملکت کی جانب سے ہسپتال پر 9 لاکھ روپے کے جرمانے کا حکم برقرار رکھا گیا ۔صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف ہیلتھ اتھارٹی کی درخواست مسترد کر دی۔ صدر مملکت نے کہاکہ ماضی میں ایسے ہی کیس میں شفاء پر نہ صرف جرمانہ عائد کیا گیا بلکہ میڈیکل بل واپس کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی۔ عارف علوی نے کہاکہ شکایت کنندہ (مرحومہ کی بیٹی) کے ساتھ امتیازی سلوک کیا گیا ، ڈاکٹر اقتدار محمود دارا بمقابلہ۔
شفا انٹرنیشنل ہسپتال، اسلام آبادکیس میں شکایت کنندہ شہری کو میڈیکل بل بھی واپس کیے گئے ،یہ ایک قائم شدہ اصول ہے کہ یکساں افراد کے ساتھ یکساں سلوک کیا جانا چاہیے ۔ عارف علوی نے کہاکہ آرٹیکل 24 اور 25 کے تحت سب کے ساتھ یکساں سلوک ہمارے آئین کی خصوصیت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ہیلتھ کیئر اتھارٹی کا بنیادی مقصد اسلام آباد کے رہائشیوں کو معیاری صحت کی خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ریگولیٹری فریم ورک مہیا کرنا تھا۔ صدر مملکت نے کہاکہ قانون کا مقصد تب ہی پورا ہوتا ہے جب شکایت کنندہ کو ہسپتال کی طرف سے کسی غفلت پر ریلیف فراہم کیا جائے ۔ صدر مملکت نے کہاکہ ہیلتھ اتھارٹی کو اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں زیادہ چوکس ہونا چاہیے ۔ صدر مملکت نے کہاکہ ہیلتھ اتھارٹی نے شکایات کی چھان بین کے بعد طبی لاپرواہی پر 9 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔ عارف علوی نے کہاکہ 9 لاکھ کا جرمانہ ہیلتھ اتھارٹی نے موصول بھی کرلیا، شفاء ہسپتال پر غفلت ثابت ہوتی ہے ۔ عارف علوی نے کہاکہ ہیلتھ اتھارٹی نے ہسپتال کو والدہ کے علاج پر آنے والے میڈیکل بل کی اصل رقم کی ادائیگی محتسب کے حکم کے مطابق نہیں کی ۔ صدر مملکت نے کہا کہ محتسب کے فیصلے کے خلاف اتھارٹی کی اپیل مسترد کی جاتی ہے ، ایک ہفتے میں رقم واپس کی جائے ۔
رپورٹ کے مطابق فرخ نعیم طاہر (شکایت کنندہ) کی والدہ کو کورونا کی تشخیص ہوئی ، شفا کے ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث والدہ انتقال کر گئی ۔رپورٹ کے مطابق شکایت کنندہ نے ہسپتال کے خلاف اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی میں شکایت درج کرائی ۔رپورٹ کے مطابق اتھارٹی نے غفلت ثابت ہونے پر ہسپتال کو جرمانہ عائد کیا مگر 29 لاکھ سے زائد کے میڈیکل بل واپس کرنے کو نہیں کہا۔ رپورٹ کے مطابق شہری نے اتھارٹی کو فیصلے پر نظر ثانی، میڈیکل بل کی واپسی کیلئے ہدایات جاری کرنے کیلئے محتسب کو درخواست دائر کی ۔ رپورٹ کے مطابق وفاقی محتسب نے شہری کے حق میں احکامات جاری کییمگر اتھارٹی نے صدر مملکت کو اپیل دائر کر دی،صدر مملکت نے انصاف کے تقاضوں کے تحت اپیل کو مسترد کر دیا