لاہور (عکس آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس کا ظلم ہمارے عزم کو پختہ کرتا ہے،انتخابات سے کچھ ماہ قبل اسلام آباد میں تحریک انصاف کیخلاف پولیس کریک ڈاون ہورہا ہے۔پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں عمران خان نے کہا کہ ایک بدعنوان آئی جی کی قیادت میں وفاقی دارالحکومت کی پولیس ایسے وقت میں تحریک انصاف کی سیاسی سرگرمیوں کیخلاف کریک ڈان میں لگی ہوئی ہے جب قومی انتخابات محض چند ماہ کے فاصلے پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب افضل خان جیسے نوجوان، جو یونین کونسل ایف-ٹین سے ہماراچیئرمین اور ابھرتاہوا نوجوان رہنماہے،ایک تحریک کاحصہ ہوں تو پولیس کی بربریت ہمارے عزم کو پختہ ہی کرتی ہے۔