شاپنگ مال سیل

اسلام آباد،آتشزدگی کی تحقیقات مکمل ہونے تک شاپنگ مال سیل کردیا گیا

اسلام آباد (نمائندہ عکس)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ایف ایٹ میں واقع نجی مال میں آگ لگ گئی جس پر دو گھنٹوں کی کوششوں کے بعد قابو پالیا گیا تاہم تحقیقات مکمل ہونے تک شاپنگ مال کو سیل کردیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ شام سیکٹر ایف ایٹ میں واقع نجی مال میں آگ لگ گئی جس پر 2 گھنٹوں کی کوششوں کے بعد قابو پالیا گیا فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیوں نے آگ بجھانے کی کارروائی میں حصہ لیا، فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ سامنے نہیں آسکی ۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مال کے چوتھے فلور پر واقع فوڈ کورٹ کے کچن میں آگ لگی جو مال کے دیگر حصوں تک پھیل گئی، شاپنگ مال کی اونچائی کے باعث فائربریگیڈ کو آگ پر قابو پانے میں دشواری کا سامنا رہا۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق مال میں آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات تک عمارت سیل رہے گی اور کسی کو بھی شاپنگ مال میں داخل ہونیکی اجازت نہیں ہوگی۔

ضلعی انتظامیہ نے نجی مال کو فوری سیل کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا اور آتشزدگی کی وجوہات کے تعین کے لیے 7 رکنی کمیٹی بنادی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کمیٹی کے کنوینر مقرر کیے گئے ہیں،کمیٹی تعین کرے گی کہ عمارت میں فائر سیفٹی آلات آپریشنل تھے یا نہیں، کمیٹی آتشزدگی کے باعث نقصانات کا بھی تعین کریگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں