اسلامی یونیورسٹی

اسلامی یونیورسٹی طالب علم قتل کیس، گرفتار 16 طلبہ کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

اسلام آباد (عکس آن لائن) جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے اسلامی یونیورسٹی کے طالب علم کے قتل کے مقدمے میں گرفتار 16 طلبہ کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سبزی منڈی پولیس نے اسلامی یونیورسٹی میں گزشتہ روز فائرنگ سے جاں بحق طالب علم کا مقدمہ درج کرتے ہوئے 16 طلبہ کو گرفتار کر لیا ۔طالب علم فہد خان کی مدعیت میں درج مقدمے میں قتل، اقدام قتل سمیت چار دفعات شامل کی گئی ہیں اور ایمل خان، اظہر لاشاری، درمحمد لنڈ سمیت 20 سے زائد ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے اسلامی جمعیت طلبہ کی تعلیمی نمائش پر حملہ کیا جس میں شیشے کی بوتل، خنجر، آہنی راڈز اور آتشیں اسلحہ کا استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک طالب علم جاں بحق جب کہ بیسیوں زخمی ہوئے۔پولیس نے گرفتار 16 طلبہ کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا اور ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے تمام سولہ طلبہ کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 17 دسمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں