اسلام آباد (عکس آن لائن) وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے غزہ کے الاہلی باپسٹ ہسپتال پر اسرائیلی حملے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات بہت واضح ہے کہ اسرائیل کی طرف سے غزہ میں ہسپتال پر گھنائونا حملہ اپنے دفاع کا عمل نہیں ہے۔
بدھ کو ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ یہ حملہ بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے جس میں معصوم بچوں، خواتین، ڈاکٹروں، طبی عملے اور پناہ کے متلاشی بے گھر شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہیں جس کا مقصد غزہ کے بحران اور وہاں کے محصور شہریوں کی انسانی صورتحال کا جائزہ لینا ہے۔
انہوںنے کہاکہ یہ اجلاس پاکستان اور سعودی عرب نے مشترکہ طور پر بلایا ہے۔ قبل ازیں وزیر خارجہ نے او آئی سی ممالک کے اپنے ہم منصبوں جس میں مصر، ایران، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ شامل ہیں، سے ٹیلی فون پر بات چیت کی تھی۔