قاہرہ(عکس آن لائن )عرب لیگ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جیلوں میں قید فلسطینیوں کو ان کے تمام آئینی اور قانونی حقوق کی فراہمی یقینی بنائے۔میڈیارپورٹس کے مطابق مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں قائم صدر دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی اسیران کو عدم تحفظ حاصل ہے۔ بیان میں عالمی اداروں، انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کو ان کے آئینی اور قانونی حقوق کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔عرب لیگ کے فلسطینی امور کے معاون خصوصی سعید ابو علی نے ایک پریس بیان میں کہا کہ عرب لیگ کو اسرائیلی جیل میںکرونا کی بیماری کا شکار فلسطینی کی علاج سے محروم رکھے جانے کے نتیجے میں موت پر گہری تشویش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی انتظامیہ کی مجرمانہ لاپرواہی کے نتیجے میں فلسطینی قیدی کمال ابو وعر کی موت واقع ہوئی۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اسرائیلی جیل میں فلسطینی شہری کی صہیونی انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں موت پرخاموش تماشائی نہیں رہنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی ضمیر اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کو اس واقعے کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے اسرائیلی جیلوں میں قید تمام فلسطینیوں کو ان کے تمام آئینی اور قانونی حقوق فراہم کرنے کے لیے صہیونی حکومت پر دبائو ڈالنے کا مطالبہ کیا۔