بیروت (عکس آن لائن) لبنانی حزب اللہ نے اعلان کیا کہ اس نے اسرائیل پر بڑے پیمانے پر حملہ کیا ہے۔پیر کے روز حزب اللہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل پر حملے کا پہلا مرحلہ کامیاب رہا، اسرائیل کے شمال اور اسرائیل کے زیر قبضہ گولان کی پہاڑیوں میں 11 اسرائیلی فوجی اڈوں سمیت دیگر اہداف پر مجموعی طور پر 320 سے زائد راکٹ داغے گئے۔
اسرائیلی دفاعی افواج نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسی روز حزب اللہ نے اسرائیل پر تقریباً 210 راکٹ اور 20 ڈرون فائر کیے اور زیادہ تر راکٹ فضائی دفاعی نظام کے ذریعے روکے گئے یا کھلے علاقے میں گرے اور اسرائیلی فوجی اڈے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ تاہم راکٹ کا ایک ٹکڑا ایک مکان پر گرنے سے عام شہری زخمی ہو گئے۔
اسرائیل کی وزارت دفاع کے مطابق اسرائیلی فوج کو قبل ازوقت حزب اللہ کے حملے کا معلوم ہو چکا تھا اور اس نے فوری طور پر لبنان میں اہداف پر پیشگی حملہ کیا۔ اسی دن اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ہزاروں راکٹ لانچرز اور 40 سے زائد راکٹ لانچ سائٹس کو نشانہ بنانے کے لیے تقریباً 100 جنگی طیارے روانہ کیے۔ حزب اللہ کے کم از کم چھ ارکان ہلاک ہوئے۔
لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق 25 تاریخ کی علی الصبح سے اسرائیل نے لبنان پر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس سے مکانات، بنیادی ڈھانچے اور فصلوں بالخصوص بجلی اور پانی کی فراہمی کے نظام کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ گذشتہ سال کے اواخر سے لبنان اور اسرائیل کے درمیان تنازع کے آغاز کے بعد سے یہ سب سے بڑی فضائی کارروائی تھی۔