پیرس(عکس آن لائن)فرانسیسی وزیر خارجہ سٹیفن سیجورن نے مغربی کنارے میں فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی آباد کاروں کی پر تشدد کارروائیوں کو روکنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے اس تشدد کو لازما روکنا ہوگا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے ساتھ ملاقات کے بعد کیا ہے۔سٹیفن سیجورن نے کہاکہ کسی بھی صورت میں فلسطینیوں کو جبرا بے دخل کرنے اور نقل مکانی کرنے کو قبول کیا جائے گا۔ یہ نقل مکانی خواہ غزہ سے ہو یا مغربی کنارے سے ہو قبول نہیں۔
سٹیفن سیجورن نے اپنے الفاظ دہراتے ہوئے کہا کہ غزہ فلسطینیوں کی زمین ہے۔خیال رہے سیجرن پہلی بار بطور وزیر خارجہ اسرائیل اور خطے کے دورے پر آئے ہیں۔ انہوں نے غزہ کے مسئلے کے حل کے لیے امن مذاکرات کی بحالی پر زور دیا اور دوریاستی حل کی حمایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی حل کے بغیر اس مسئلے کا کوئی بھی پائیدار حل نہیں ہو سکتا اور نہ ہی اس کے بغیر مشرق وسطی میں امن ممکن ہو سکتا ہے۔