لاہور ( عکس آن لائن) استحکام پاکستان پارٹی نے حلقہ بندیوں کے دورانیے میں کمی کے اقدام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوری عمل کے تسلسل کے لئے جلد انتخابات کی حمایت کرتے ہیں۔
استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی سیاسی جماعتوں سے مشاورت خوش آئند ہے، بہتر حل نکلے گا۔انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل کا تسلسل ضروری ہے، جلد انتخابات کی حمایت کرتے ہیں، بہتر ملکی مستقبل اور معیشت کیلئے عام انتخابات سے متعلق ابہام دور ہونے چاہئیں۔
صدر آئی پی پی کا کہنا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی اپنے منشور کی بنیاد پر عام انتخابات میں حصہ لے گی۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 30نومبر تک حلقہ بندیوں مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امکان ہے کہ ملک میں عام انتخابات 28جنوری تک ہوجائیں گے۔