لاہور(عکس آن لائن)پی ایس ایل میں اپنے دوسرے ہی میچ میں دھواں دھار نصف سنچری بنانے والے ملتان سلطان کے وکٹ کیپر بلے باز ذیشان اشرف نے کہا ہے کہ ایک ہی مقصد کے ساتھ کھیل رہا ہوں کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے میرا نام قومی ٹیم میں آئے ،اتنا پرفارم کروں گا کہ ورلڈ کپ کے لیے نام ضرور آئے گا۔
ذیشان اشرف اپنے ڈیبیو میچ میں لاہور قلندرز کے خلاف بدقسمت رہے اور چار رنز بنا کر رن آوٹ ہو گئے لیکن دوسرے میچ میں انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کی اور 29 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے کھیلی۔انہوں نے کہا کہ اچھی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوا لیکن ٹیم کے ہارنے کا افسوس ہے، ہار سے ہر کوئی مایوس ہوتا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ اگر ہم 30سے 35 رنز مزید کرنے میں کامیاب ہو جاتے تو نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔ذیشان کہتے ہیں کہ کوچ جو پلان دیتے ہیں اس پر عمل کرنا پڑتا ہے، میں اوپنر ہوں لیکن پانچویں نمبر پر کھلایا جا رہا ہے تو مجھے اس کے مطابق کھیلنا ہے۔
ذیشان اشرف نے بتایا کہ وکٹ کیپنگ بھی کر رہا ہوں اور مجھے خود اندازہ ہو رہا ہے کہ وکٹ کیپنگ بھی اچھی کر رہا ہوں، میرے کوچز بھی اب تک اس سے مطمئین ہیں کہ میں وکٹ کیپنگ اچھی کر رہا ہوں۔ان کا کہنا ہے میرا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں ہے، کامران اکمل بڑے بیٹسمین ہیں، وہ ہر پی ایس ایل میں رنز کرتے ہیں، ان کا اپنا کھیل اور قسمت ہے اور میرا اپنا۔
ذیشان اشرف بڑے پرعزم اور پرامید دکھائی دے رہے ہیں کہ وہ اس سال آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں جگہ بنائیں گے۔وہ کہتے ہیں کہ میں اسٹروک پلئیر ہوں، پاور ہٹر نہیں ہوں، میرا ایک ہی مقصد ہے کہ میں اتنے رنز کروں اور اتنا پرفارم کروں کہ میرا نام ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں آئے اور میرا یہ مقصد پورا ہو گا۔