اسلام آ باد (نمائندہ عکس) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اتحادی حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف سے چینی سرکاری کمپنی نورینکو کے وفد کی ملاقات ہوئی ہے جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے بتایا کہ نورینکو پاکستان میں بجلی اور قابل تجدید توانائی، انفراسٹرکچر، ٹیلی کام، کان کنی اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہے۔ وزیراعظم نے دونوں دوست ممالک کے باہمی فائدے اور ترقی کے لیے سی پیک کی اہمیت کو اجاگر کیا اور بتایا کہ چین پاکستان اقتصادی تعاون کو مضبوط کرنا پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے اہم ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں قابل تجدید توانائی بالخصوص شمسی توانائی کے وسیع امکانات میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی اور لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے میں کمپنی کے کردار کو بھی سراہا۔