شہباز شریف

اب عمران خان کی چیخیں نکالنے کا وقت آ گیا، شہباز شریف

اسلام آباد(عکس آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرشہباز شریف نےکہا ہے کہمہنگائی سے عوام کی چیخیں نکل گئیں،اب عمران خان کی چیخیں نکالنے کا وقت آ گیا، عمران خان جادو ٹونے سے حکومت چلا رہا ہے اور پھونکیں مار کر تعیناتیاں ہورہی ہیں، 6 ماہ میں پاکستانی معیشت کو سب مل کر ٹھیک کر دیں گے اگر ایسا نہ کر سکا تو عوام میرا نام شہباز شریف کی جگہ عمران نیازی رکھ دیں،عو ام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر عمران خان کی سلیکٹڈ حکومت کو خس وخاشاک کی طرح بہا لے جائے گا، تبدیلی پہلے نہیں آئی تھی بلکہ اب آئی ہے،کہ عمران خان نے کنٹینر کی سیاست کا آغاز کیا ،ہم یہاں کنٹینر کی سیاست دفن کرنے آئے ہیں،جب تک ملک کی عمران خان سے جان نہیں چھوٹتی ہم اس کی جان نہیں چھوڑیں گے، اداروں نے جتنی حمایت عمران خان کو دی اگر 10فیصد ہمیں مل جاتی تو متحدہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر حکومت کرلیتے۔

جمعہ کوآزادی مارچ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی مین اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ عوام کا سمندر جمع ہیں اس پر فضل الرحمن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور کہتا ہوں کہ تبدیلی پہلے نہیں آئی تھی تبدیلی آج آئی ہے۔ میاں شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے کنٹینر کی سیاست کا آغاز کیا تھا اور آج کنٹینر کی سیاست یہاں پر دفن ہو رہی ہے۔ عام کا سمندر سلیکٹڈ حکومت کو بہا لے جائے گا۔ عوام کو ڈیڑھ سال میں اچھی طرح اندازہ ہو گیا کہ نیا پاکستان بہتر تھا یا پرانا پاکستان بہتر تھا۔ نواز شریف کے دو ر میں مفت ادویات ملتی تھیں آج چھین لی گئی ہے۔ ایڑیاں رگڑ رگڑ کر وہ موت کا منہ میں جا رہے ہیں۔ ہمیں ڈینگی برادران کہا گیا جبکہ اس سال 50 ہزار ڈینگی سے متاثر ہیں سینکڑوں جاں بحق ہوئے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کہیں نظر نہیں آئے۔مسلم لیگ (ن)کے صدر نے کہا کہ جب ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں تو رونگھٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔

ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والوں سے پوچھا جائے کہ نواز شریف کے دور میں کینسر کی مفت ادویات تھیں لیکن وہ سہولت چھین لی گئی آج ملک میں سرمایہ کاری ختم ہو چکی ہے اور تمام طبقے احتجاج کر رہے ہیں جبکہ لوگ جھولیاں اٹھا کر بدعائیں دے رہے ہیں ۔ عوام کی چیخیں نکل گئیں لیکن عمران خان کی چیخیں نکالنے کا وقت آ گیا ہے اور اب جعلی حکومت سے جان چھڑانے کا وقت آ گیا ہے جب تک عمران خان سے جان نہیں چھڑائیں گے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ آج مہنگائی آسمانوں سے بات کر رہی ہے ۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھروں کی بات کرنے والوں نے لوگوں سے روزگار اور چھت بھی چھین لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج تحریک کا پہلا حصہ ہے مجھے تو رشک آتا ہے کہ ٹانگوں پر ٹانگ چڑھانے والے کو اتنی سپورٹ اداروں سے مل رہی ہے جبکہ اس کا 10 فیصد بھی سپورٹ اداروں سے ہمیں ملتا تو آج تبدیلی واضح ہوتی ۔

انہوں نے کہا کہ میثاق معیشت کی پیشکش کی تو بڑی حقارت سے عمران خان نے رد کیا جبکہ پارلیمنٹ میں تبدیلی اس کا آئینی حق ہے اگر کچھ دن اور عمران خان رہ گیا تو کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ عمران خان کاپتھر دل اور مغرور ہے جبکہ اس کا بھیجا بھی خالی ہے۔ عمران خان جادو ٹونے سے حکومت چلا رہا ہے اور جادو ٹونے سے تعیناتیاں ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 6 ماہ میں پاکستانی معیشت کو سب مل کر ٹھیک کر دیں گے اگر ہم سب نے مل کر ٹھیک نہ کیا تو عوام میرا نام شہباز شریف کی جگہ عمران نیازی رکھ دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں