لاہور( عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے انتخابی مہم کے آغاز سے قبل ہی پی ٹی آئی کے حق میں اپنا واضح فیصلہ سنا دیا ہے، عمران خان کا خطاب سننے کیلئے مختلف مقامات پر ہزاروں کا اکٹھ پی ڈی ایم ٹولے کی ہٹ دھرمی کے خلاف ریفرنڈم تھا،عوام پی ڈی ایم ٹولے کے انتخابات کے انعقاد میں ہر ممکن رکاوٹیں ڈالنے کے فاشسٹ منصوبے کو ناکام بنائیں گے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے امپورٹڈ ٹولہ ہوش کے ناخن لے اور ملک بھر میں عام انتخابات کا اعلان کیا جائے، ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام پورے ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد سے ہی ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سنا ہے گوشہ نشیں ہونے والے حمزہ شہباز کو بھی کسی بڑے عہدے کا لالچ دے کر واپسی کیلئے راضی کیا گیا ، (ن) لیگ والے اپنے مفرور لیڈر کو واپس لائیں تاکہ انہیں شکست کے بعد یہ کہنے کا موقع نہ ملے کہ ہمارا لیڈر ملک میںنہیںتھا،مسلم لیگ (ن) انتخابات میں عبرتناک شکست کے حقائق جاننے کیلئے پیشگی کمیٹی بھی تشکیل دے لے ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ انشااللہ عمران خان کی قیادت میں وفاق اورچاروں صوبوں میں بھاری اکثریت سے حکومتیں بنائیں گے ۔