اسلام آباد(نمائندہ عکس) وفاقی کابینہ نے آڈیو لیکس کے معاملے پر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان ان کے ساتھی سابق وزرا اور سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے خلاف قانونی کارروائی کی باضابطہ منظوری دیدی۔ وفاقی کابینہ نے 30 ستمبر کو عمران خان کی سائفر سے متعلق آڈیو لیک پر کابینہ کمیٹی بنائی تھی، کابینہ کمیٹی نے یکم اکتوبر کے اجلاس میں قانونی کارروائی کی سفارش کی تھی۔
کابینہ کمیٹی کی سفارشات کو سمری کی شکل میں کابینہ کی منظوری کے لئے پیش کیا گیا جس کی منظوری دے دی گئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے عمران خان کے دور کے وزرا اور سابق سیکرٹری اعظم خان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی باضابطہ منظوری دیدی ہے۔
وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے کابینہ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سفارتی سائفر سے متعلق آڈیو لیک پر تحقیقات ہوں گی، سائفر سے متعلق تحقیقات ایف آئی اے سے کرائی جائے گی، ایف آئی اے حساس اداروں کے افسران اور اہلکاروں کو تحقیقاتی ٹیم میں شامل کر سکتی ہے۔