لاہور(عکس آن لائن) سینئر اداکار عرفان کھوسٹ نے کہا ہے کہ مجھے اپنے ماضی کاکوئی افسوس نہیں کیونکہ اگرمیں بھوک نہ کاٹتا تو آج میں اور میرے بچے اس مقام پر نہ پہنچتے ،بعض اوقات آپ کا ماضی آپ میں تلخی لے آتا ہے اور میرے ساتھ بھی ایسا ہوا ہے ، سینئر فنکاروں کی اکثریت نے جتنی محنت کر کے مقام حاصل کیا آج کا فنکار اتنی محنت کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا ۔ ایک انٹر ویو میںگفتگو کرتے ہوئے عرفان کھوسٹ نے کہا کہ میں نے ریڈیو،ٹی وی ،اسٹیج اورفلم میںبے پناہ کام کیا ہے اور پہلے پہل میں اپنی فلم کے کام سے مطمئن نہیں تھا ۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میںسے اچھی چیزیںیاد رکھنی چاہیے اور بری بھلادینی چاہیے،بعض اوقات ایساہوتا ہے کہ آپ کا ماضی آپ میں تلخی لے آتاہے اورمیری زندگی میںبھی ایک عرصہ تلخی رہی ہے ، اس وقت مجھ سے جن لوگوں کی دل آزاری ہوئی میں ان سے دست بدستہ معافی مانگتا ہوں۔عرفان کھوسٹ نے کہا کہ ہمیشہ نیک نیتی سے محنت کی ہے اور خدا کی ذات نے آج اس کا پھل بھی عطا کیا ہے او رمیرے بچے بھی میری طرح محنت کرنے والے ہیں۔