کراچی (عکس آن لائن) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آمرانہ سوچ بروقت جمہوریت پر شب خون مارنے کے موقع کی تلاش میں رہتی ہے ، آمرانہ سوچ آزادی صحافت کا گلا بھی دبانے کیلئے ہمہ وقت تیار رہی ہے ، بدھ کے روز آزادی صحافت کے موقع پر بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا کی آزادی پر پابندیاں جمہوریت کو کمزور اور معاشرے میں تقسیم وانتشار کا سبب بنتی ہیں ۔
جمہوریت کی بحالی اور استحکام کیلئے پاکستان پیپلزپارٹی اور صحافیوں کا اتحاد ہمیشہ مضبوط رہا ہے ، وزیر خارجہ بلاول بھٹوکا کہنا تھا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور آصف زرداری نے صحافت پر عائدکالے قوانین کا خاتمہ کیا ، ہم معلومات کی رسائی کے قانون کو وسعت دینے اور من وعن عملدرآمد پر یقین رکھتے ہیں۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں صحافت پر عائد پابندیوں کی مذمت کرتے ہیں، بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ صحافی تنظیموں سمیت عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے صحافیوں پر مظالم کے خلاف کردار ادا کریں۔