آل پاکستان انجمن تاجران

آل پاکستان انجمن تاجران کافیول پرائس ایڈ جسٹمنٹ کے نام پر بجلی کے صارفین سے اربوں کی وصولی پر تشویش کا اظہار

لاہور(عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران نے فیول پرائس ایڈ جسٹمنٹ کے نام پر بجلی کے صارفین سے مسلسل اربوں روپے کی وصولی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ایسا کوئی دن نہیں آیا جس دن حکومت نے عوام پر مہنگائی بم گرانے کی بجائے ریلیف دیا ہو ، دو روز قبل دوسری ،تیسری سہ ماہی کی ایڈ جسٹمنٹ کے نام پر 18پیسے اضافہ کیا گیا جبکہ اب اکتوبر ، نومبر فیول ایڈ جسٹمنٹ کے نام پر ایک روپے 6پیسے فی یونٹ وصولی کا اعلان کر دیا گیا ہے جو سراسر نا انصافی ہے ۔مرکزی صدر اشرف بھٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت نے چند روز قبل ستمبر کے فیول پرائس ایڈ جسٹمنٹ کے نام پر ایک روپے 11پیسے یونٹ وصولی کا اعلان کیا تھا اور اس ماہ تیسری بار صارفین کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئی عوام کے پاس ایسا کوئی پلیٹ فارم نہیں جہاں وہ اپنی داد رسی کیلئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اکتوبر اور نومبر فیول پرائس ایڈ جسٹمنٹ کے نام پر عوام کی جیبوں سے 8ارب40کروڑ روپے نکالے جائیں گے ۔بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے لئے ریگولیٹری اتھارٹی کی سماعت صرف عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے ہے ،اس نظام میں شفافیت لائی جائے ، سر کلر ڈیٹ کا سارا بوجھ صارفین پر منتقل کیا جارہا ہے جو نا انصافی ہے اور اس کیخلاف تاجر تنظیمیں اپنا لائحہ عمل بنائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں