لاہور(عکس آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آل شریف جھوٹ اور کرپشن میں اپنا ثانی نہیں رکھتے، شریف برادران لندن کے بازاروں اور ہوٹلوں میں مزے کر رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 25 کیش بوائز گڈ نیچر کمپنی سے پیسے نکلواتے تھے۔
آل شریف جھوٹ اور کرپشن میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف خود نواز شریف کی پلیٹ لیٹس ٹھیک کروانے لندن چلے گئے۔ شریف برادران لندن کے بازاروں اور ہوٹلوں میں مزے کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ڈیلی میل کے رپورٹر کی اسٹوری کا جواب نہیں دے سکے۔
ڈیلی میل کے رپورٹر ڈیوڈ روز نے شہباز شریف کی کرپشن کو بے نقاب کیا۔ شریف برادران نے زلزلہ متاثرین کے فنڈز کو بھی نہ بخشا۔اس سے قبل ایک موقع پر فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ ڈیلی میل کا ڈیوڈ روس روز آپ سے پوچھ رہا ہے آپ کب لندن کی عدالتوں میں ہتک عزت کا مقدمہ کریں گے۔انہوں نے کہا تھا کہ میں پراپرٹی بیچ کر شہباز شریف کو مہنگا وکیل کروا کر دینے کو تیار ہوں، شہباز شریف ملک سے باہر بیٹھ کر بھی حرکتوں سے باز نہیں آئے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا تھا کہ شہباز شریف جھوٹے حقائق پر مبنی بیانات دے کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، شہباز شریف کی کرپشن کا کچا چٹھہ شہزاد اکبر نے 18 سوالات میں کھول دیا۔