فیصل آباد (عکس آن لائن) عالمی شہرت یافتہ سپنر عبدالقادر کے صاحبزادے عثمان قادر نے کہا کہ آسٹریلیا میں کھیلنے کا تجربہ ہے سلیکشن کو درست ثابت کروں گا ۔اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں میڈیا سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سلیکٹرز کے اعتماد کرتے ہوئے قومی ٹیم میں سلیکٹ کرنے پر انکا شکر گزار ہوں ۔پی سی بی اور عوام کی امیدوں پر پورا اتروں گا ۔
انہوں نے کہا کہ جب سے کرکٹ شروع کی ہے عالمی سطح پر کرکٹ کھیلنے کا شوق تھا ۔والدمرحوم چاہتے تھے کہ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کروں ۔اب موقع مل رہا تو والدمحترم کا خواب پورا کروں گا ۔انہوں بتایا کہ آسٹریلیا میں تقریباً چار سال سے کرکٹ کھیل رہا ہوں ۔آسٹریلیا کی کنڈیشنز سے بخوبی آگاہ ہوں اور جانتا ہوں کہ وہ لیگ سپنر کو کیسے کھیلتے ہیں ۔
سکلز کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ سلائیڈر نہیں آتا اب سیکھا ہے اور اس پر عبور ہے ۔والد محترم کی خصوصی گگلی پر محنت کررہا ہوں ۔ٹیم میں کھیلنے کا موقع ملا تو خود کو ثابت کروں گا کہ میری سلیکشن درست ہے ۔