اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آئین توڑ کر بغاوت کرنے والوں کا آرٹیکل 6 کے تحت ٹرائل ہوگا اور سب کو عبرت کا نشان بنادیں گے۔
شاہد خاقان عباسی نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران نیازی اور ان کے حواریوں نے آئین توڑا، بغاوت کی، آرٹیکل 6 کے تحت سب کا ٹرائل ہو گا ،عبرت کا نشان بنائیں گے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ سازش کی افسانہ نگاری شاہ محمود کی سرپرستی اور سہولت کاری سے ہوئی، جعلی خط کی تخلیق کے وہ مرکزی کردار بتائے جا رہے ہیں، قوم تقریریں نہیں سننا چاہتی، عدالت جائیں اور ثبوت دکھائیں۔ شاہد خاقان کا مزید کہنا تھا کہ شاہ محمود باہرباتیں کرنے کے بجائے کمرہ عدالت میں جائیں اور سوالات کے جواب دیں۔