لاہور (نمائندہ عکس) پیپلزپارٹی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر و جنرل سیکرٹری وسطی پنجاب سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی میں عمران خان کا بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ والا کردار تھا، عمران خان کا آرمی چیف کی تعیناتی سے پیچھے ہٹنے والا بیان انگور کھٹے ہیں کے مترادف ہے۔انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی وزیراعظم کی آئینی صوابدید ہے جسے وہ اپنے اتحادیوں کی مشاورت سے سر انجام دیں گے،
آرمی چیف کی تعیناتی پر عمران خان مان نہ مان میں تیرا مہمان بنے بیٹھے تھے، عمران خان ماضی کا قصہ بن چکے، ان کی سیاست ختم۔ایک ایک کر کے عمران خان سارا تھوکا ہوا چاٹے گا۔حسن مرتضیٰ نے کہا کہ عوام نے مسترد کیا تو امریکی سازش کی ڈرامہ بازی کا بھی اعتراف کر لیام لانگ مارچ ڈھونگ مارچ تھا جو ثابت ہو گیا ہے،تحریکِ انصاف کا لانگ مارچ لاہور سے نکلتے ہی شارٹ مارچ میں بدل گیا تھا۔اب عمران نیازی کا لانگ مارچ ورک فرام ہوم میں تبدیل ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عمران خان کے جھوٹے بیانیے کے بوجھ تلے دب چکی ہے۔