پنڈدادنخان (عکس آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نریندر مودی کشمیر کے معاملے پر ضرور کچھ کرے گا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھارت کو جواب دینے کے لیے تیار ہیں، مودی کے اقدام سے 80 لاکھ لوگ محصور ہو کر رہ گئے ہیں،یہ مودی گجرات کے مسلمانوں کا بھی قاتل ہے،
اب ہندوستان کے لوگ ہی اس کے خلاف کھڑے ہوں گے اور ظلم کے نظام کو ختم کریں گے، ہم نے ایک سال میں آدھا ٹیکس کا پیسہ قرضوں کے سود میں ہی ادا کر دیا ہے، پرانی لیڈر شپ ڈالر خرید کر باہر بھیج رہے تھے ، پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے اور اب روپے کی قیمت بھی آہستہ آہستہ بہتر ہو رہی ہے، 2020 ہماری ترقی اور نوکریاں دینے کا سال ہے، ہمارے ملک میں دنیا کی ہر نعمت موجود ہے، ملک میں موجود مافیا ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے ،یہ تبدیلی کا خواہشمند نہیں ، اخبارات میں بھی مافیا بیٹھا ہے، میں وزیر اعظم بنا تو قوم کو کہا تھا کہ گھبرانا نہیں ، ہم مشکل وقت سے گزریں گے کیونکہ اصلاحات مشکل ہوتی ہیں۔پنڈدادنخان میں 121 سال پرانے تاریخی منصوبے جلالپور کینال کے سنگ بنیاد کی تقریب سے
خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پنڈدادنخان کو اپنا علاقہ کہتا ہوں اور اپنے علاقے کے لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں ۔ مجھے معلوم ہے کہ یہاں کے لوگوں کو پینے کا پانی کا شدید مسئلہ ہے جبکہ جلالپور کینال سے علاقے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگا ۔ وزیر اعظم نے مزید کہ کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شکریہ کے مستحق ہے کہ انہوں نے 120 سالہ پرانے پروگرام کو عملی جامہ پہنایا جبکہ نہر سے زمین کو زرخیز ہونے کا موقع ملے گا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایل او سی پر شہید ہونے والے جوانوں کے گھر والوں سے اظہار افسوس اور ہمدردی کرتا ہوں ۔ سرحد پر جھڑپ نریندر مودی جارحانہ کشمیر پالیسی کی وجہ سے ہو رہی ہے۔مودی نے دنیا کی نظر کشمیر سے ہٹانے کے لئے وہ کوئی بھی ایڈونچر کرنا چاہتا ہے ۔ مودی نے بھارت میں جاری احتجاج سے بھی سرحد پر اشتعال انگیزی کر رہا ہے ۔ عالمی دنیا بار بار توجہ امن کی طرف دلا رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں پیشنگوئی کررہا ہوں کہ مودی کا متنازعہ شہریت بل ، کشمیر میں زیادتی اور گجرات جیسے واقعہ کے خلاف بھارتی عوام نریندر مودی کے خلاف اٹھ کھڑی ہوگی جن میں ہندو ، سکھ، عیسائی ، مسلمان سب شامل ہونگے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ملکی دفاع کیلئے ہماری حکومت اور چیف آف آرمی سٹاف قمر باجوہ کی تیاری مکمل ہے ۔ ہم مہم جوئی کا مقابلہ کریں گے ۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ مودی تکبر میں فرعون بنا ہوا ہے اور لوگ دیکھیں گے کہ عوام اس کے خلاف نکلے گی اور ظلم کے نظام کو ہندوستان کے اندر سے ہی ختم کریں گی اس کے لئے پاکستان کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت نے ایک سال مشکل وقت میں گزارا معیشت تباہ تھی اور قرضوں میں تھا اور جب ہماری حکومت آئی تو پہلے سال گزشتہ حکومتویسں کے لئے گئے قرضوں کی سود میں قوم کے ٹیکس کا پیسہ چلا گیا اور ملک چلانے کے لئے ٹیکس کا آدھا پیسہ بچا۔ آج ملک میں برآمدات بڑھ رہی ہے اور ملک میں سرمایہ کاری آ رہی ہے جبکہ 2020 ترقی اور نوکریوں کا سال ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کا مافیا شور مچا تا ہے ا ور برا بھلا کہتا ہے کہ ملک تباہ ہو رہی ہے ان کو اس چیز کا خوف ہے کہ حکومت کامیاب ہو گئی تو وہ جیلوں میں جائیں گے ۔
وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ اخباروں میں مافیا بیٹھا ہے اور آپ دیکھیں گے کہ اخباروں میں ہر روز صرف بری خبریں ہی لگی ہوتی ہیں اور کئی ایسے صحافی ہیں جو پرانے نظام سے فائدہ اٹھارہے تھے ، پیسے بنا رہے تھے آج ان کی روزی بند ہے اس لئے حکومت کے خلاف لکھ رہے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ایک کسٹم کلکٹر70 کروڑ روپے ماہانہ ناجائز طریقے سے کما رہا تھا اور اسی طرح کے لوگ حکومت تبدیلی سے ڈر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جب حکومت بنی تو پہلی بار کہا تھا کہ قوم گھبرانا نہیں مشکل وقت آئے گا لیکن اب کہتا ہوں کہ 2020 اس ملک کی بہتری کا سال ہوگا اور کرپٹ مافیا کیلئے 2020 مشکل سال ہو گا ۔
کرپٹ افراد کیلئے برا وقت آنے والا ہے اور عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ سارے چوراور ڈاکو پھر سے شور مچائیں گے جیسے آزادی مارچ میں کر رہے ۔ عمران خان نے کہا کہ وہ ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتی جب تک کرپشن ختم نہیں ہو تی ہمیں بھی بڑے کرپٹ لوگوں سے حساب لینا ہوگااور اس کے لئے عوام کو میرے ساتھ کھڑا ہونا ہو گا اور کرپٹ مافیا کو شکست دینی ہوگی۔