اسلام آباد (عکس آن لائن)نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آذربائیجان سے دیرینہ اور مضبوط تعلقات قائم ہیں ، کوپ 29 کے انعقاد پر پاکستان ، آذرئیجان کی مکمل حمایت کرے گا جبکہ آذربائیجان کی خودمختاری کی بھی مکمل حمایت کرتے ہیں ، آذربائیجان کے کشمیر پر مسلسل موقف کو سراہتے ہیں، آذربائیجان کا موقف علاقائی سالمیت کے اصولوں ہر قائم ہے۔ آذربائیجان کی تجارتی برادری کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، پاکستان میں آذربائیجان کیلئے چاول کی ایکسپورٹ کے مواقع موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اسحاق ڈار نے کہا جیہون بیراموف کو دورہ پاکستان پر خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان اور آذربائیجان مظبوط ثقافتی ومذہبی تعلقات سے بندھے ہوئے ہیں، چارج سنبھالنے کے بعد سے مسلسل آذربائیجان کے وزیر خارجہ سے رابطے میں رہا ہوں، مختلف فورمز پر ان سے ملاقاتیں ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک قانون کی سربلندی کے خواہشمند ہیں، ہم باہمی سرمایہ کاری پر اقدامات کر رہے ہیں، جس میں توانائی کے شعبہ پر خصوصی توجہ دی ہے، دونوں ممالک ماحولیاتی تبدیلیوں اور قابل تجدید توانائی پر تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔ باکو میں میڈیکل کے شعبے میں پاکستانی طلبہ زیر تعلیم ہیں، ملاقات کے دوران توانائی کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے پر بات چیت ہوئی، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا سامنا ہے، موسمیاتی تغیر کے اثرات سے نمٹنے کیلئے اقدامات ضروری ہیں، دونوں ممالک ماحولیاتی تبدیلی اورقابل تجدید توانائی پر تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ غزہ کی موجودہ صورتحال پر بات چیت ہوئی، غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، غزہ میں بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، رفح میں مہاجر کیمپوں پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا ہم آذربائیجان کے کشمیر پر مسلسل موقف کو سراہتے ہیں، آذربائیجان کا موقف علاقائی سالمیت کے اصولوں ہر قائم ہے، جب کہ پاکستان نکورنو کو آذربائیجان کا خودمختار حصہ سمجھتا ہے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ آذربائیجان جیہون بیراموف نے کہا کہ میرے ہم منصب اسحق ڈار نے مجھے پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی تھی، پاکستان اور آذربائیجان دونوں مختلف شعبوں میں تعاون کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آج کا دورہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان بہترین تعلقات کی ایک یاد دہانی ہے، آذربائیجان مختلف فورمز پر پاکستان کی باہمی تعاون کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک میں باہمی تجارتی واقتصادی تعلقات بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے۔جیہون بیراموف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلیم کے شعبے کو بہتر بنانے پر غور کیا گیا، آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان ثقافت اور ٹیکنالوجی کے شعبے کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کے کاروباری شخصیات کو باکو میں خوش آمدید کہتے ہیں، اس وقت باکو سے اسلام آباد لاہور اور کراچی براہ راست پروازیں جاری ہیں، بہت سے ثقافت اور لینگویج سینٹر آذربائیجان میں کام کر رہے ہیں، آزربائیجان کشمیر پر پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہا پاکستان میں شاندار استقبال پر مشکور ہوں،پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوطرفہ مضبوط تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے شعبے میں مواقع موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دورے کا مقصد پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بڑھانا ہے، پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں شراکت داری چاہتے ہیں۔ قبل ازیں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف کے درمیان جمعرات کو یہاں دفتر خارجہ میں وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے پیش رفت اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماوں نے تجارت، توانائی، دفاع، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی اور علاقائی روابط سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔