وسیم اختر

آج شیریں جناح کالونی کے دکانداروں کی خواہش پورا ہونے کا دن ہے۔وسیم اختر

کراچی(عکس آن لائن)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ آج شیریں جناح کالونی کے دکانداروں کی خواہش پورا ہونے کا دن ہے،ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل میں دکانوں کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا اب تعمیراتی کام تیزی سے مکمل ہو گا۔ باقی دکاندار جو چالان جمع نہیں کرا سکے وہ جلد جمع کرائیں تاکہ ان کو بھی جگہ ملے،فیز 2 پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔

حکومت سندھ سے درخواست ہے کہ شیریں جناح کالونی سے آئل ٹینکر کو ذوالفقار آباد آئل ٹینکرزپارکنگ ٹرمینل منتقل کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔رہائشی قابضین کو بے دخل کرنے سے قبل متبادل دیا جائے۔ وزیراعظم کی جانب سے بلدیاتی اداروں کو اختیارات دینے کے ہمارے موقف کی حمایت کا شکریہ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل میں دکانیں تعمیر کرنے کے کام کے آغاز پر افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میئر کراچی نے کہا کہ دکانداروں کا دکان کی تعمیر میں جو خرچہ ہو گا وہ کرائے میں شامل کیا جائے گا۔میئر کراچی نے کہا کہ شیریں جناح کالونی کے مقابلے میں یہاں ہزار گنابہتر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں،جو لوگ احتجاج کر رہے تھے ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ کے ایم سی سپریم کورٹ کی ہدایت پر مکمل عمل کر رہی ہے،انہوں نے کہا کہ جو دکاندار رہ گئے ان کو بھی دکان ملے گی،کسی کے ساتھ زیادتی اور ناجائز نہیں ہو گا، جو جس کا حق ہے وہ اس کو ضرور ملے گا،

انہوں نے کہا کہ مالکانہ حقوق کوئی بھی نہیں دے سکتا حکومت سندھ بھی نہیں دے سکتی کیونکہ سپریم کورٹ کا یہی فیصلہ ہے۔میئر کراچی نے دکانداروں سے کہا کہ وہ تعاون کریں تو یہ ٹرمینل جلد آباد ہو گا۔انہوں نے کہاکہ جس کا نام سروے میں آیا ہے اس کو پلاٹ ضرور ملے گا،میئر کراچی وسیم اختر نے بلدیاتی اداروں کو اختیارات دینے کے حوالے سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے اس اقدام سے نہ صرف بلدیاتی ادارے مضبوط ہوں گے بلکہ ملک مضبوط ہو گا سرکلر ریلوے کی زمین خالی کراتے وقت رہائشیوں کو پہلے متبادل دیا جائے۔پروجیکٹ ڈائریکٹر رضا عباس نے کہا کہ آج عملی طور پر یہاں لوگوں کو پزیشن (Possession) دی جا رہی ہے،تمام یوٹیلیٹی سروسزمہیا کر دی گئی ہیں اس سے یہاں آبادی شروع ہو ئی تو روزانہ کی بنیاد پر ترقی ہو گی۔ٹرمینل میں 32 سو آئل ٹینکر زپارک کرنے کی گنجائش موجود ہے۔

پیپلز لائنز ویلفیئر ایسوسی کے نائب صدر راجہ شکور نے کہا کہ چند لوگ کسی اور کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں،ان کی منفی سرگرمیاں کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ شیریں جناح کالونی سے یہاں آنا نہیں چاہتے، ہم سپریم کورٹ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے آئل ٹینکروں کے بارے میں مثبت اقدامات کی ہدایت کی۔ میئر کراچی وسیم اختر غریب دکانداروں کی فلاح اور روز گار کے بارے میں سوچتے ہیں،جو باقی رہ گئے ہیں یقینا ان کو بھی دکانیں ضرور ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ میئر کراچی وسیم اختر نے کم وسائل کے باوجود اس منصوبے کو مکمل کیا یہ ان کی دلچسپی کا اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیریں جناح کالونی کی دکانیں انڈسٹری کا درجہ رکھتی ہیں، ان کو مضبوط کرنا ملک کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں