راولپنڈی (عکس آن لائن) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاسی جماعت کوئی شوگر فیکٹری نہیں ہوتی عوام کے دلوں میں ہوتی ہے، آج جو ن لیگ فصل بو رہی ہے کل اسے کاٹے گی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ قصور کا بریانی جلسہ لال حویلی کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا، یوم تکبیر کے ایٹمی دھماکوں پر راجہ ظفرالحق، گوہر ایوب اور خود کو کریڈٹ دیتا ہوں، باقی ساری کابینہ نوازشریف سمیت دھماکوں کی مخالف تھی۔
سابق وزیر نے کہا کہ جن کا جینا مرنا پاکستان میں ہے ان کو ای سی ایل میں ڈالا جا رہا ہے، جن سزا یافتہ مفرور مجرموں کی جائیدادیں، اولاد پاکستان سے باہر ہے ان کو سفارتی پاسپورٹ جاری کیا گیا ہے، جب اقتدار سے باہر ہوتے ہیں تو پرائیویٹ جہازوں سے بھاگتے ہیں، ان کو ای سی ایل میں ڈالنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ 13 جماعتوں کے لیڈر نیلامی میں اور عوام پریشانی میں ہیں، اداروں سے درخواست ہے کہ 9 مئی کی غیر جانبدار تحقیقات کرائی جائیں اور ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے، لیکن کس کے کہنے پر پولیس خواب خرگوش سوئی رہی، یہ سب سے اہم ترین سوالیہ نشان ہے، اس کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ کوئی بھی محب وطن پاکستانی اپنی فوج کے خلاف نہیں ہو سکتا، لیکن پی ڈی ایم کے چوروں کے ساتھ بھی کھڑا نہیں ہو سکتا۔