کولکتہ(عکس آن لائن)آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا ساتواں میچ 31 اکتوبر منگل کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا ، مسلسل چار شکستوں کے بعد قومی ٹیم کو سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے یہ میچ جیتنا بہت ضروری ہے ، پاکستان نے چھ میچ کھیل کر دو میچ جیتے اور چار میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ،گرین شرٹس نے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو 81 رنز اور دوسرے میچ میں سری لنکا کو 6 وکٹوں سے زیر کیا
جبکہ تیسرے میچ میں اسے روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں 7 وکٹوں ، چوتھے میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 62 رنز ، پانچویں میچ میں افغانستان کے ہاتھوں 8 وکٹوں اور چھٹے میچ میں جنوبی افریقا کے ہاتھوں ایک وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پاکستانی ٹیم مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترے گی ، دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں محمد رضوان ، شاہین شاہ آفریدی ، حارث رؤف ، شاداب خان اور افتخار احمد شامل ہیں ، پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان 4 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔بنگلہ دیش کی بھی ٹورنامنٹ میں کارکردگی انتہائی ناقص رہی اور اس نے پانچ میچ کھیل کر ایک میچ میں کامیابی حاصل کی ہے ، بنگلہ دیش کو شکیب الحسن لیڈ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اپنا آٹھواں میچ 4 نومبر کو نیوزی لینڈ جبکہ نواں اور آخری میچ 11 نومبر کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔