کراچی(عکس آن لائن)گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ آئی جی کو تبدیل کرنا کسی بھی صوبے کے وزیراعلی کا استحقاق ہے، سندھ کی جانب سے بھیجے گئے نام وفاق کو منظور نہیں ہیں وفاق نے سندھ حکومت کو نئے ناموں کے لیے درخواست کی ہے، بطور گورنرسندھ حکومت اور وفاق میں پل کا کردار ادا کررہا ہوں،۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ کے اسٹیک ہولڈرز سے بات کرنا ہوتی ہے اس لیے تاخیر ہوئی، سندھ حکومت کو تھوڑ اتحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے، کوئی بہتر نام سامنے آتا ہے تو اس پر دوبارہ سوچا جاسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایک نام پر کافی اتفاق تھا پھر وزیراعظم نے مناسب نہیں سمجھا، وزیراعظم نے ہدایت کی ساتھ بیٹھ کر کسی نام پر اتفاق کی کوشش کریں، وفاق کے پاس نام ہیں اور وہ بھی بھیجے گا، وفاق کے پاس استحقاق ہے۔