لاہور(عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی روزانہ کی بنیاد پر سامنے آنے والی کڑی شرائط سے ہر طبقہ پریشان ہے ، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے مہنگائی کی بد ترین لہر آئی ہوئی ہے جس کی وجہ سے عوام کی قوت خرید جواب دے رہی ہے ۔ اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ملک کا نظام چلانے کے لئے عالمی مالیاتی ادارے سے رجوع کرنا نا گزیر ہے لیکن دوسری طرف اس سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے بھی تو اقدامات نظر آنے چاہئیں ، پاکستان کب تک ایسے ہی کشکول اٹھائے پھرتا رہے گا اور عالمی مالیاتی اداروں کی کڑی شرائط مان کر اپنے عوام پر زندگی تنگ کی جاتی رہے گی ۔
عوام سے اپیل ہے کہ ہر شخص اپنی آمدن کے تناسب سے ٹیکس دے اور حکومت اس کا صحیح استعمال کرے اور سب سے پہلے غیر ملکی قرضے اتارنے کیلئے قومی پالیسی کا اعلان کیا جائے ۔