اسلام آباد (عکس آن لائن) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کا وفد پاکستانی حکام کے ساتھ مذاکرات کے بعد بغیر کسی اعلان کے آئندہ48گھنٹوں میں واپس روانہ ہو جائے گا۔میڈیارپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ یہ مذاکرات قرض پروگرام کے لیے نہیں تھے۔
آئی ایم ایف نے بجٹ کے خدو خال اور دوسرے اہداف سے پاکستان کو آگاہ کر دیا ہے۔ ان اہداف اور خدو خال کی پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد مذاکرات شروع ہوں گے۔رپورٹ کے مطابق یہ پہلی بار ہو گا کہ پاکستان مذاکرات سے پہلے آئی ایم ایف کے تمام مطالبات پر عمل درآمد شروع کر دے گا یا پاکستان اہداف اور خدو خال کی پارلیمنٹ سے منظوری کرا کے ان پر عمل درآمدکی تاریخ کا تعین کرے گا۔نئے قرض پروگرام کے لیے مذاکرات جون کے آخر میں شروع ہوں گے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئی ایم ایف اور پاکستان کی کوشش ہے کہ یکم جولائی سے پہلے معاہدہ ہو جائے۔